دنیا کے معمر ترین شخص 112 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
برطانیہ میں دنیا کے سب سے عمر رسیدہ شخص ٹنیس ووڈ ایک کیئر ہوم میں خالق حقیقی سے جا ملے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹائی ٹینک ڈوبنے کے سال پیدا ہونے والے جان ٹنیس ووڈ نے اپنی زندگی میں دو عالمی جنگوں اور اتنی ہی عالمی وبائی امراض کا مقابلہ کیا اور زندگی پائی۔
جان ٹنیس ووڈ کو چند ماہ قبل ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا معمر ترین شخص تسلیم کیا تھا۔ وہ اگست 1912 میں لیورپول میں پیدا ہوئے تھے۔
ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ جان ٹنیس ووڈ کا شمال مغربی انگلینڈ کے ساؤتھ پورٹ کے موسیقی اور محبت سے گھرے ایک کیئر ہوم میں انتقال ہوگیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جان ٹنیس ووڈ نے اپنی موت سے قبل کے دن بہت خوشگوار حالت میں گزارے۔
جان ٹنیس ووڈ 60 سال کی عمر میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹی، چار پوتے اور تین پڑپوتے ہیں۔
ان کی اہلیہ کا انتقال 1986 میں ہی ہوگیا تھا۔
100 سے 110 سال کی عمر تک جان ٹنیس ووڈ کو ہر سال ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سے سالگرہ کا کارڈ بھیجتی تھیں جو ان سے صرف 14 سال چھوٹی تھیں۔
جان ٹنیس ووڈ زیادہ تر مچھلی اور چپس کھانا پسند کرتے تھے اور مرتے دم تک ذہنی طور پر متحرک رہے، خبروں سے باخبر رہے اور اپنے مالی معاملات خود سنبھالتے تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انھیں رواں برس اپریل میں دنیا کے معمر ترین آدمی کے خطاب سے نوازا تھا۔