عمران خان کی اجازت کے بغیر ڈی چوک سے آگے نہیں بڑھیں گے، علی امین گنڈاپور
خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم کے بغیر ڈی چوک سے آگے نہیں بڑھیں گے۔
ڈی چوک کے قریب کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے لیڈر عمران خان نے ہمیشہ پرامن رہنے اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے لیکن آپ لوگوں کے درمیان ایسے لوگ شامل کیے جائیں گے جو غلط کام کریں گے۔
انہوں نے کارکنوں سے ڈی چوک کے نعرے لگوائے اور کہا کہ ہم ڈی چوک جائیں گے، ڈی چوک کا مطلب ڈی چوک اور اسے آگے جب تک عمران کے احکامات نہیں ہوں گے ہمیں نہیں جائیں گے اور اس پر عمل درآمد کریں گے اور اس کی حفاظت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حامی، کارکنوں اور عمران خان کے ٹائیگرز کی ایک ہی سوچ ہے، ہم پرامن ہیں، ہمیں پرامن طریقے سے اپنا دھرنا دینے دو، یہ ہمارا ملک ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس ملک کے لیے ہمارے آبا واجداد نے قربانیاں دی ہیں اور اس ملک پر کوئی غلط نظام مسلط نہیں کرسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں سے آگے بڑھنے کا وعدہ لیا اور متعدد مرتبہ دہرایا اور آزادی کے نعرے لگائے۔
کارکنوں کو انہوں نے پرامن رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مثال قائم کرنی ہے کہ ہمارے ساتھ جو ظلم اور فسطائیت ہوئی ہے اور ہو رہی ہے لیکن ہم مثال قائم کریں گے۔