لیام پین کی بالکونی سے گر کر موت: کیا یہ حادثہ تھا یا خودکشی؟
سابق ون ڈائریکشن اسٹار لیام پین کی ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں ہوٹل کی بالکونی سے گر کر موت واقع ہوگئی تھی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، لیام مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے اور انہوں نے ہوٹل کے کمرے سے نکلنے کی کوشش کے دوران یہ قدم اٹھایا تھا۔
امریکی ویب سائٹ TMZ کی رپورٹ کے مطابق، ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں لیام کو عملے کے ساتھ لابی میں جدوجہد کرتے اور مزاحمت کرتے دیکھا گیا۔ ہوٹل کے اسٹاف نے ماسٹر کی استعمال کرکے لیام کو واپس ان کے کمرے میں بند کردیا اور احتیاط کے طور پر کمرے کے باہر نصب آئینہ بھی ہٹا دیا۔
ایک ہوٹل ملازم نے ایمرجنسی خدمات کو کال کرکے تشویش کا اظہار کیا اور کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ ان کی جان خطرے میں ہے یا نہیں، لیکن وہ بالکونی والے کمرے میں ہیں اور ہمیں تھوڑی پریشانی ہے۔"
تحقیقات کے مطابق، 31 سالہ لیام تیسری منزل کی بالکونی سے دوسری منزل کی بالکونی تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ زمین کے قریب ہو سکیں۔ تاہم، اسی دوران وہ نیچے گر گئے۔ ان کے ساتھ ایک بیگ اور ٹوپی بھی ملی، جس میں گولیاں اور وہسکی کی بوتل تھی، جس پر "For Liam" لکھا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، لیام نے ماضی میں بھی ہوٹل کی بالکونیوں کو فرار کے لیے استعمال کیا تھا۔ فلوریڈا میں ایک ایسے ہی واقعے کے دوران ان کے باڈی گارڈ نے انہیں نشے کی حالت میں کمرے میں بند کردیا تھا۔
کورونر کے مطابق، لیام ممکنہ طور پر گرنے کے وقت بیہوش ہو چکے تھے، حالانکہ انہیں آخری بار ہوش میں دیکھا گیا تھا جب وہ اپنا سامان جمع کر رہے تھے۔