لاہور:
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے اوراحتجاج کی وجہ سے شاہراہوں کی بندش کے باعث لاہور میں اشیائے ضروریہ کی قلت کے ساتھ ساتھ سبزی اور پھلوں کی قیمت میں کئی گنااضافہ ہوگیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں ضروری اشیا سبزی اور پھل کی تعداد میں کمی کے باعث دکان داروں نے قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام اباد میں دھرنے کی کال کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سڑکوں کی بندش کے باعث ٹماٹر کی قیمت 300 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور میں پیاز اور آلو 120 کے بجائے 200 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگے ہیں، اسی طرح سبزیاں بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔
شہریوں نے اس حوالے سے بتایا کہ مہنگائی کے باعث لوگوں کا گزارا کرنا پہلے ہی مشکل تھا لیکن اب سبزیاں خریدنا بھی ہماری قوت خرید سے باہر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے چاہئیں۔
دوسری طرف لاہور کے دکان داروں نے کہا کہ کوئٹہ سےآلواور سندھ سے پیاز جبکہ ٹماٹر بیرون ملک سے آرہا ہے، سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مزید دو تین روز سڑکیں بند رہیں تو ٹماٹر 500، آلواورپیاز 400 روپے سے زائد قیمت میں ملے گا، زیادہ مقدار میں سامان آنے سے قیمتیں کم ہوتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ اشیا کی مقررہ قیمت سے زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔