خوابوں کی تعبیر
قیمتی تحفہ
سلیمان خواجہ ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میری بیوی کو کسی نے بہت قیمتی ریشم کا تھان بھیجا ہے اور میں اس پہ پریشان ہوں کہ کل ہم کو بھی اب ان کو اتنا قیمتی تحفہ دینا ہو گا مگر میری بیوی اس فکر سے بے پروا ہو کر اس کو کھول کر دیکھتی ہے اور بہت خوشی کا اظہار کرتی ہے۔ اس کے بعد میں اپنی والدہ کو بھی اس طرح خوش ہوتے اور شکر ادا کرتے دیکھتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا ۔ جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ اور کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
پرفضا مقام پر شفا بخش پانی پینا
شکیلہ قریشی، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی بہت ہی پر فضا مقام پہ ہوں اور میرے میاں وہاں انتہائی ٹھنڈے پانی سے غسل کرنے کے بعد اس کو پی بھی رہے ہیں کہ یہ پانی بے حد میٹھا اور شفا بخش ہے ۔ میں البتہ پینے میں ذرا ہچکچاتی ہوں ۔ ان کے بھائی بھی بہت خوشی سے اس کو پیتے ہیں اور بے حد تعریف کرتے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیجئے اور ممکن ہو سکے تو صدقہ و خیرات کرتے رہیے ۔
زمین بیج بونا
محمود حسین، فیصل آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی زمینوں پہ ہوں اور اپنے مددگاروں کے ساتھ مل کر فصل کاٹ رہا ہوں ۔ اس کے بعد خود کو زمین تیار کر کے اس میں بیج لگاتے دیکھتا ہوں مگر اس کے ساتھ ساتھ ہی اس فصل کو کاٹنے لگ جاتا ہوں ۔ میرے پڑوسی مجھے وہاں سے اپنی مدد کے لئے اپنی زمینوں پہ لے جاتے ہیں اور میں ان کے ساتھ مل کر بھی ان کی سبزیاں نکالنے لگتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلائی ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور کریم کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔
شرمندہ ہونا
احمد سلمان،لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں جا رہا ہوں اور اچانک بہت ہی پریشانی ہوتی ہے کہ میں خود کو بے لباس دیکھتا ہوں ۔ اس وقت مجھے سمجھ نہی آتی کہ میں کہاں چھپ جاؤں ۔ مجھے انتہائی پریشانی کا سامنا ہوتا ہے ۔ جب میری آنکھ کھلی تو بھی مجھے بہت ہی زیادہ گھبراھٹ و شرمندگی تھی ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔ کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
ساس کو سیب کاٹ کر دینا
شانزہ خان، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے تھال میں بہت ہی خوشنما سیب رکھ رہی ہوں اور اپنی گھریلو ملازمہ کو کہہ رہی ہوں کہ ان کو تمام کالونی کے گھروں میں بانٹ دے ۔ اس کے بعد ایک حصہ اپنی دوسری ملازمہ کا بھی الگ کر دیتی ہوں اور پھر اپنی ساس کو کاٹ کر دیتی ہوں جس پر وہ بہت دعائیں دیتی ہیں اور پھل کی بہت تعریف کرتی ہیں کہ اتنا میٹھا اور لذیذ ہے ۔ میں خود بھی اپنے بچوں کے لئے کاٹ کر ایک برتن میں رکھتی ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
زیورات دیکھ کر رونا
نائمہ چوہدری، گجرات
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور اپنا زیور نکال رہی ہوں اور ساتھ رو رہی ہوں کہ یہ کتنے شوق سے بنوایا تھا مگر یہ نہیں یاد اب کہ کس وجہ سے یہ سب نکال رہی ہوں اس کے ساتھ ساتھ زار و قطار روتی جا رہی ہوں ۔ مگر سارا زیور نکال کر میں ایک ڈبے میں ڈال دیتی ہوں ۔ بس اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔
سبزی منڈی جانا
لائبہ یعقوب، قصور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اور میری دیورانی سبزی خرید رہے ہیں ۔ میں منڈی میں اتنی زیادہ تازہ سبزی دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور اپنی دیورانی سے کہتی ہوں کہ میں نے کبھی اتنی زیادہ سبزی ایک ساتھ نہیں دیکھی اور پھر بہت زیادہ سبزی لیتی ہوں ۔ ساتھ یہ بھی سوچتی ہوں کہ کچھ عزیزوں کے گھر بھی بھجوا دوں گی جو اتنی تازہ سبزی کو دیکھ کر بہت خوش ہوں گے اور دل میں تہیہ کرتی ہوں کہ آئندہ میں بھی اسی جگہ سے لیا کروں گی ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر چیز میں برکت ہو گی ۔ اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی ۔کاروبار میں بھی بہتری ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں ۔
خوبصورت مکان
نسرین اختر، جہلم
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی بہت بڑے گھر کے دروازے پہ کھڑی ہوں ان کا دروازہ بہت مضبوط اور منقش ہے ۔ میں دل میں سوچتی ہوں کہ جس کا گھر ہے اس نے دروازہ اتنا پیارا بنایا ہے تو گھر اندر سے کیسا اچھا ہو گا ۔ پھر دروازہ کھلتا ہے اور میں اپنی ساس کو دیکھتی ہوں ۔ اور حیران ہو کر سوچتی ہوں کہ یہ تو ہمارا گھر ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔
کسی کی مدد کرنا
محمد سعید ، منڈی بہاوالدین
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں دریا میں تیراکی کر رہا ہوتا ہوں، شائد وہاں کوئی گر گیا ہے اور اس کو بچانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ میں نے اسے پانی سے نکال لیا ہے ۔ شائد وہ کوئی لڑکا تھا اور لوگ مجھے بہت گرم جوشی سے گلے مل رہے ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں مگر اس کے بعد مجھے یاد نہیں کہ کیا ہوا ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے ۔کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا ۔ جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
تبرکات دیکھنے کی دعوت
مقبول حسین، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں شائد کہیں ملک سے باہر ہوں اور کسی بہت بڑی مسجد میں ہوں ۔ وہاں پہ ایک بہت پر نور شکل والے عالم ہیں جو نماز کے بعد شائد کسی موضوع پہ لیکچر دے رہے ہیں ۔ میں بھی بیٹھا ان کی گفتگو سے فیض یاب ہو رہا ہوں اس کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ تبرکات دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں جس پہ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کارو بار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے ۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں ۔کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔
دوست کھانا بناتا ہے
علی احمد، گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی میدان میں ہوں ۔ میں وہاں ایک جگہ بیٹھ جاتا ہوں۔ میرا ایک دوست وہاں کوئی چیز بھوننے لگ جاتا ہے۔ یہ نہیں یاد کہ وہ کیا چیز ہوتی ہے مگر اس وقت خواب میں میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ یہ کھانا تم کھا لو ۔ اب مجھے بعد میں خیال آ رہا ھے کہ وہ بنا کسی برتن کے کیسے پکا سکتا ہے۔ کچھ مگر خواب میں یہی تھا کہ وہ کچھ بنا رہا ہے میں اس کو لینے سے انکار کرتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ پتہ نہیں اس نے کیسے گندے ہاتھوں سے بنایا ہو گا ۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ ناپسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق کو اپنانے کی کوشش کریں ۔
خاتون قاری سے ملاقات
نمرین نعمان، بہاولپور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی دوست کے گھر ہوں اور شائد کوئی محفل ہے جس میں بہت سے لوگ ہیں اور ایک خاتون قاری بہت اچھے لہن میں تلاوت کر رہی ہوتی ہیں ۔ میں ان کو سن کر سوچتی ہوں کہ میں بھی گھر جا کر کچھ پریکٹس کروں اور ان کے جیسی تلاوت کرنا سیکھوں گی ۔ میلاد کی محفل کے بعد میں ان سے ملتی ہوں اور اپنی خواہش کا اظہار کرتی ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے ، اللہ تعالی کی رحمت اور برکت سے رزق میں اضافہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ آپ کا ذھنی رجحان اللہ تعالی کی طرف رہے گا اور قرآن کی تعلیم آپ دیتی ہیں اس کو جاری رکھئے تا کہ گھر میں خوشی و سکون حاصل ہو ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یاحی یاقیوم پڑھا کریں ۔
الماری کی صفائی
حسینہ یوسف، شیخوپورہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے کی الماری صاف کر رہی ہوں اور وہاں مجھے انڈوں کی ایک ٹوکری ملتی ہے جس پہ میں بہت حیران ہوتی ہوں کہ یہ کب اور کس نے میری الماری میں رکھی ہے۔ پھر میں اس کو اٹھا کر کچن کی طرف چلی جاتی ہوں ۔
تعبیر : خواب سے ظاہر ہے کہ کوی دلی مراد پوری ہو گی چاہے اس کا تعلق تعلیمی معاملات سے ہو کاروباری ہو یا ازدواجی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں ۔
بینائی میں کمی
فاخرہ عمر، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں جب سو کر اٹھتی ہوں تو مجھے ہر چیز بہت دھندلی دکھائی دے رہی ہوتی ہے ۔ میں اپنی بیٹی کو آواز دیتی ہوں کہ کیا باہر بادل ہیں جو اندھیرا ہے مگر وہ کہتی ہے کہ باہر صاف آسمان ہے اور دھوپ نکلی ہوئی ہے ۔ میں یہ سن کر بہت گھبرا جاتی ہوں اور اپنے میاں کو آواز دینے لگ جاتی ہوں ۔
تعبیر : خواب کسی پریشانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کا تعلق خاندان کاروبار یا تعلیمی معاملات سے بھی ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کر سکیں ۔
آگ کا الاؤ
نواب دین، میانوالی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں سڑک پہ جا رہا ہوں اور دور کہیں آگ کا الاو روشن ہے ۔ میں اس کی طرف بڑھتا ہوں اور وہاں کچھ لوگوں سے کہتا ہوں کہ کچھ دیر میں بھی اس کے پاس بیٹھ جاوں اور ہاتھ پاوں گرما لوں ۔ وہ مجھے ایک کرسی دیتے ہیں اور ساتھ کچھ کھانے پینے کو بھی پھر میں کافی دیر تک ادھر بیٹھا آگ کی روشنی کو دیکھتا رہتا ہوں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کی اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
مٹھائی کی ٹوکری
زینب بی بی، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی محفل میلاد میں ہوں اور وہاں بہت سے لوگ ہیں مگر سب کے سب میرے لئے اجنبی ہیں۔ البتہ میرے سامنے بیٹھی کچھ رشتہ دار خواتین کو میں جانتی ہوں۔ میری والدہ سب سے مل رہی ہوتی ہیں ۔ میں خاموشی سے اپنی امی کے ساتھ بیٹھی نعت سن رہی ہوں اور ایک بزرگ خاتون مجھے بلا کر میری والدہ کا نام لے کر بہت خوشی سے گلے لگاتی ہیں اور جانے کیا پوچھتی ہیں جو اب مجھے یاد نہیں ۔ پھر پاس پڑا ایک بہت بڑا مٹھائی کا ٹوکرا دیتی ہیں ۔ میں پریشانی میں اپنی والدہ کی طرف دیکھتی ہوں اور وہ مجھے لینے کا اشارہ کرتی ہیں تو میں ان سے وہ لے کر اپنے پاس رکھ لیتی ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اللہ کی طرف سے کسی مدد کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ یہ ترقی کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی بھی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔
بزرگ کی شان میں گستاخی
طاہر امین، سرگودھا
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ گھر کے باہر کھڑا ہوں اور باتیں کر رہا ہوں اسی دوران کوئی بزرگ وہاں سے گزرتے ہیں تو شائد میں ان کا مذاق اڑاتا ہوں ۔ اس پہ میرا دوست مجھے روکتا ہے کہ یہ تو فلاں بزرگ ھیں جن کی شان میں تم نے گستاخی کر دی ہے مگر میں ایسے ہی لاپرواہی سے ہنستا رہتا ہوں اور ان پہ فقرے کستا رہتا ہوں جس پہ میرا دوست بھی ناراض ہو کر چل پڑتا ہے ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔