سائنس دانوں نے ایک نیا ٹیسٹ وضع کیا ہے جس سے کسی بھی مائع میں بدلتے رنگ کے ساتھ بیکٹیریا کی موجودگی کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ ٹیسٹ بیماری کا سبب بننے والے پیتھوجنز کی تصدیق اور بیماری کی تشخیص میں آسانی اور غذاؤں کی حفاظت میں آسانی لائے گا۔
مک ماسٹر یونیورسٹی کے انجینئروں اور بائیو کیمسٹس نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا ہے جس میں بائیو جیل کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی مائع کے بیکٹیریا سے آلودہ ہونے کی تصدیق کی جاسکے گی۔ ٹیسٹ میں ای کولی یا لِسٹیریا جیسی بیکٹیریا کی موجودگی میں مائع کا رنگ تبدیل ہوجائے گا۔
ٹیسٹ میں استعمال ہونے والے جیل میں ایسے غیر نقصان دہ بیکٹیریو فیجز کا استعمال کیا گیا ہے جو تلاب کے پانی، دودھ کے ڈبے یا پیشاب میں موجود بیکٹیریا (چاہے کم مقدار میں ہوں) کی نشاندہی کر سکیں گے۔
بیکٹیریو فیجز زمین پر زندگی کی سب سے عام قسم ہیں۔ بیکٹیریو فیج کی ہر قسم، ایک قسم کا بیکٹیریا ختم کرنے کی خاصیت رکھتا ہے۔
اس نئے طریقہ کار کو لیب میں کیے جانے والے ٹیسٹ (جن کو نتیجے کے لیے دو دن لگ جاتے ہیں) کے مقابلے میں چند گھنٹوں کا وقت درکار ہوتا ہے۔