اسلام آباد:
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور تاحال مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی شرپسندوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے کریک ڈاؤن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صبح تک سڑکیں نارمل ہو جائیں گی اور موبائل ڈیٹا نیٹ ورک فعال ہو جائے گا۔
محسن نقوی نے اسلام آباد اور پنجاب پولیس، رینجرز اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے امن قائم رکھنے کے لیے اپنی بہترین خدمات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو آئی، جس میں 3,500 پوائنٹس تک کی کمی آئی۔ اس کے باوجود، شہریوں کو امید ہے کہ کل کا دن ایک نئی سوچ اور حوصلے کے ساتھ شروع ہوگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم نے انہیں دو بار سنگجانی میں جگہ دینے کی پیشکش کی اور راستہ کھولا، بانی پی ٹی آئی نے بھی اجازت دی مگر قائم مقام صدر نے بانی کا فیصلہ ماننے سے انکار کیا۔