یو اے ای ملازمت کیلیے جانے والوں پر نئی شرط عائد

یو اے ای وزٹ ویزا پر عائد پابندی 24 سے بڑھا کر 30 شہروں تک کردی گئی

بیورو آف امیگریشن نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) ایمپلائمنٹ ویزے کے لئے نئی شرط لاگو کردی۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن( پی اوای پی) کے  نائب چئیرمین عدنان پراچہ کے مطابق یو اے ای ملازمت کے لیے جانے والوں کو اب ورک ویزا کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا۔ پاکستان کی جانب سے یو اے ای کی حکومت کی شکایت پرکیا گیا فیصلہ خوش آئند ہے۔  

عدنان پراچہ نے مزید کہا کہ یو اے ای میں پاکستانیوں کے گداگری اور دیگر معاملات میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ یو اے ای برادر دوست ملک ہے اس کے قوانین پر عمل درآمد کرنا لازم ہے۔ یو اے ای نے پہلے ہی پاکستان کے 24 شہروں پر وزٹ ویزا پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جو اب بڑھا کر 30 شہروں تک کردی گئی ہے۔ یو اے ای میں گذشتہ ایک سال سے ورک ویزا بھی نہیں مل پارہا ہے۔ ورک ویزا نہ ملنے سے گزشتہ سال  ایک لاکھ سے زائد افراد یو اے ای نوکری کے لئے نہیں جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترسیلات زر سعودی عرب کے بعد یو اے ای سے زیادہ موصول ہوتی ہیں۔ وفاقی حکومت یو اے ای ورک ویزا کے معاملے پر سفارتی سطح کی کوششوں کا آغاز کرے۔

Load Next Story