گورنر راج کا مشورہ نہیں دوں گا مگر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پر حکومت کا اختیار کھوچکی، شرجیل میمن

احتجاج کے دوران جو کچھ ہوا اس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، سینئر صوبائی وزیر


ناصر بٹ November 27, 2024

کراچی:

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کسی کو گورنر راج کا مشورہ نہیں دوں گا لیکن پی ٹی آئی اخلاقی طور پر اپنا یہ اختیار کھوچکی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں حکومت جاری رکھے۔

شرجیل میمن نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کنٹینر پر چڑھ کر کہتی رہیں بانی پی ٹی آئی کو لئے بنا نہیں جاؤں گی مگر جیسے ہی آپریشن شروع ہوا وہ اور علی امین سب سے پہلے فرار ہوئے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ احتجاج کے دوران جو کچھ ہوا اس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، کے پی حکومت اور بشریٰ بی بی کا کردار سیاہ حرفوں میں لکھا جائے گا۔ بشریٰ بی بی نے منفی سیاست میں بانی پی ٹی آئی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ عدالتوں سے ریلیف لینے کے بجائے آپ حکومت کی رٹ کو چیلنج کریں، ہم نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا، آپ بھی کریں اور عدالتوں سے ریلیف لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ  آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں ڈالا گیا۔ کتنی بار وزیراعلیٰ سندھ جتھے کی شکل میں ان کو چھڑوانے گئے؟، ہم نے لانگ مارچ نکالے لیکن ایک گملا نہیں توڑا۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت نے تشدد کیا لیکن ہم نے ریاست پر حملہ نہیں کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ایک مچھلی پورے تالاب کو گندا کردیتی ہے۔ تحریک انصاف خراب جماعت نہیں تھی بانی پی ٹی آئی نے خراب کیا۔ وفاقی حکومت نے علاقہ کلیئر کرکے اچھا کام کیا ہے، یہ ملک کا معاملہ ہے کسی ایک جماعت کا نہیں۔ غیر ملکی وفود کی موجودگی میں ملک کے بارے میں کیا پیغام جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں