کسٹمز کی کارروائیاں؛ کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد
سندھ رینجرزاورکسٹمز حکام نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرکے 9 ملزمان کوگرفتارکرلیا۔
ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سندھ رینجرزاورکسٹمز حکام کی جانب سے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی حوالے سے خفیہ معلومات کی بنیاد پرمنگھو پیرروڈمیانوالی کالونی میں ایک مشکوک کنٹینرسے تلاشی کے دوران 16800کلو گرام نان کسٹم پیڈ چھالیہ کے141کارٹن، 3135کلو گرام راجنی کے 420کارٹن اور 38کارٹن پیپسی چھالیہ برآمد کر لی گئی جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔
کارروائی کے دوران 2ملزمان عجب لحان اورگل بدین کو بھی گرفتار کیا گیا ۔
دوسری مشترکہ کارروائی پیر آباد تھانے کےعلاقے پختون مارکیٹ بنارس آریانا بس اڈے پر کی گئی ، جہاں بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈاشیا جن میں خشک دودھ، سگریٹ،چائنا نمک، گاڑیوں کے بال بیئرنگ اور بال بیئرنگ برش شامل ہیں برآمد کر لی گئی ۔
برآمد اشیا کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
کارروائی کے دوران 7 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جنہیں بمعہ برآمد شدہ نان کسٹم اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔