کل مشہور زمانہ انقلاب اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگتا نظر آیا، عظمیٰ بخاری

اسلام آباد میں 2 سویلین جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب


ویب ڈیسک November 27, 2024

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کل مشہور زمانہ انقلاب اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگتا نظر آیا۔
 
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ موجودہ دور میں 5 بار اسلام آباد کی کالز دی گئیں لیکن کسی نے ان پر کان نہیں دھرے سوائے خیبرپختونخوا کے چند سرکاری ملازمین کے سب نے اس ’جہاد‘ کی کال کو نظرانداز کیا، میڈیا نے بھی سچ دکھایا اور پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوا، لائٹ بند ہوتے ہی انقلاب بھاگ نکلا، یہ 9 مئی کو دہرانے کی ناکام کوشش تھی لیکن ریاست نے بہترین ریسپانڈ کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کفن پوش جلوس نے موت کا فرشتہ دیکھتے ہی دوڑ لگا دی، ان کی قیادت کہیں نظر نہیں آئی، کچھ لیڈرز سیلفیاں بناتے رہے، کچھ نے فرمائشی گرفتاریاں دیں یوں تحریک فساد کے جلوس کا ڈراپ سین ہوا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 سویلین جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں ہم لازمی پتہ کرینگے کہ وہ کس کے اسلحے سے زخمی یا جاں بحق ہوئے کیونکہ ہماری پولیس غیر مسلح تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بشریٰ بی بی کے حوالے سے کافی لے دے ہو رہی ہے، بشری بی بی کل فرار ہوگئی حالانکہ وہ لوگوں سے وعدے لے رہی تھی کہ خان کے بغیر نہیں جاؤں گی، کل گنڈاپور کو ڈنڈے اور گالیاں پڑیں، لوگوں نے اس کی گاڑی کے ٹائر بھی پھاڑ دیئے کہ وہ بھاگ نہ جائے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا بشریٰ بی بی نے اپنی کم خواندگی اور ناتجربہ کاری سے بیڑا غرق کیا، تعویذوں گنڈوں سے آپ سیاسی خاتون نہیں بن سکتیں، یہ لوگ کپڑے چھوڑ کر بھاگے، ریاست کے پاس بہت سے طریقے ہوتے ہیں۔ 

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا پی ٹی آئی اپنے لوگ بشریٰ بی بی سے سوال کر رہے ہیں کہ اس بات کی تحقیق ہونی چاہئے کہ جگہ مل گئی تو وہاں کیوں نہیں گئے۔ لوگوں کو کھانا پینا بھی میسر نہیں تھا جبکہ بشریٰ بی بی اور گنڈاپور برگر کھاتے رہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے پی ڈی ایم اے کے لحاف مظاہرین نے استعمال کئے۔ 

عظمیٰ بخاری نے کہا بیلاروس کا وفد اسلام آباد میں موجود تھا، ان کے سامنے ملک کی کتنی بدنامی ہوئی ہوگی، اب اس پارٹی اور اس کے قائدین کو شرم کرنی چاہیے جنہیں لاکھوں لوگوں کی آمد کی امید تھی۔ اس جماعت کے فالوورز سے سوال ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو لینے آئے تھے لیکن ان کی جماعت کی قیادت ہی ان کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئی۔

پنجاب اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر گاڑی پر جھنڈا لگا کر پھرتے ہیں، وہ کل کہاں تھے، پنجاب میں پی ٹی آئی ختم شد نظر آتی ہے، شہباز گل سیاسی گدھ ہے جس پر جب خود پر پڑی تو اس کا سانس نہیں نکلتا تھا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آئندہ کسی نئی کال پر یہ بہت مار کھائیں گے، یہ اپنے صوبے میں احتجاج کیوں نہیں کرتے، ان میں ذرا سی بھی شرم ہو تو یہ آئندہ احتجاج کی کال نہ دیں، حماد اظہر کے ساتھ دو تین لوگ تھے، لاہور سمیت پنجاب بھر سے صرف 80 لوگ گرفتار ہوئے تھے۔

ہم ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتے رہے لیکن ان کے خمیر میں فساد ہے، دیشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہ کل ہوئے تھے اور نہ آئندہ ہوں گے، بیرسٹر سیف نے پٹھانوں والی بات کی ہے کہ ڈیڑھ لاکھ کا قالین کہہ کر ڈیڑھ ہزار میں دے جاتے ہیں اسی لئے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کہہ کر صرف سہولتیں مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے کا کہا ہے، راستوں کی بندش کے باوجود کسی چیز کی قلت پیدا نہیں ہوئی اگرچہ چند چیزوں کی قیمتیں ضرور بڑھیں، آج شام تک سبزیوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں مستحکم ہو جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں