نواز شریف کا بیلاروس کے صدر کے اعزاز میں ظہرانہ، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے، نواز شریف


ویب ڈیسک November 27, 2024

اسلام آباد:

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو کی ملاقات ہوئی جہاں نواز شریف سے پرتپاک معانقہ ہوا۔

نوازشریف کو دیکھتے ہی بیلا روس کے صدر نے بانہیں کھول کر گلے لگایا۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ انتہائی گرم جوشی سے بیلا روس کے صدر کا استقبال کیا۔

بیلا روس کے صدر نے محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ماضی کی خوش گوار یادوں کا تبادلہ کیا۔

بیلا روس کے صدر نے گفتگو میں کہا کہ طویل عرصے بعد اپنے محترم بھائی سے ملاقات پر بے حد خوش ہوں، مئی 2015 میں چھانگلہ گلی اور مری آیا تھا۔

نوازشریف سے گفتگو میں بیلا روس کے صدر نے کہا کہ آپ اگست 2015 میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے اور ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ آپ سے ہمیشہ بھائی والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے۔

نواز شریف نے اپنے دورہ بیلا روس کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں بیلاروس سے تعاون میں اضافہ ہوا، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے۔ ایسے منصوبوں پر کام کیا جا سکتا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔

قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔ بیلا روس کے صدر نے زراعت، زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بیلاروس کے تعاون کی پیشکش کی۔

بیلا روس کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت اور پنجاب حکومت دونوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔

صدر بیلا روس نے محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بیلاروس کے دورے کی دعوت دی۔  نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا۔

واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی بیلا روس کے صدر کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھیں۔

بیلا روس کے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کی طرف سے اپنے اعزاز میں ظہرانہ میں شرکت کے لیے مری پہنچے تھے۔ نوازشریف کی جانب سے ظہرانہ ذاتی حیثیت میں دیا گیا جس میں اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں