تحریک انصاف والے ’’مس کال‘‘ پر ڈی چوک پہنچ گئے، گورنر سندھ

ہمارے مضبوط جادوگر محسن نقوی نے مظاہرین کو واپس بھیج دیا، کامران ٹسوری

کراچی:

گورنر سندھ کامران خان ٹسوری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والے ’’مس کال‘‘ پر ڈی چوک پہنچ گئے اور پھر پی ٹی آئی لیڈرز اپنے ہی کارکنان کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔

قطری سفیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے مضبوط جادوگر محسن نقوی نے مظاہرین کو واپس بھیج دیا، جو مظاہرین جیل میں ہیں تو ان کی ضمانت کروانے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چند یوٹیوبر عمران خان کی بات کرکے اپنی ریٹنگ بڑھا رہے ہیں، میں ورغلائے ہوئے نوجوانوں کی بات کر رہا ہوں۔

کامران خان ٹسوری نے کہا کہ عمران خان میٹنگ کے لیے بلاتے ہیں اور کہتے ہیں مجھے نکالو لیکن عمران خان کے گھر سے سعودی عرب کے خلاف باتیں کی جاتیں ہیں، عمران خان معاشی حل بتائیں لیکن انکے پاس کوئی سیاسی و معاشی ٹیم نہیں ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، کوئی لاڈلا نہیں ہونا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں رویہ رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی بنائی ہے جو ون ونڈو آپریشن ہے، ایس آئی ایف سی سے سرمایہ کاری محفوظ ہے۔ آرمی چیف ملک میں معاشی ترقی چاہتے ہیں۔

قطری سفیر کا دورہ گورنر ہاؤس

قبل ازیں، قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخطیر نے گورنر ہاؤس کا دورا کیا جہاں سفیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پرچم کشائی بھی کی گئی۔ سفیر نے مہمانوں کے کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

قطری سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات دوستانہ ہیں، تجارتی شعبوں سمیت دیگر اہم ایشوز پر تعاون جاری ہے۔

گورنر سندھ کامران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، قطر پاکستان میں مقامی سطح پر سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

Load Next Story