وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون کے خواہاں ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجے بن حسین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اسموگ کے مسئلے پر باہمی تعاون سے قابو پانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں ورلڈ بینک اور سی ڈی اے کی مشترکہ ٹیم انسداد سموگ پلان تیار کرے گی۔
ملاقات میں الیکٹرک بسوں، صاف پانی ، سینیٹیشن اور کچی آبادیوں کی ترقی کیلئے معاونت پر بات چیت کی۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیر داخلہ کو اسموگ پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ناجے بن حسین نے کہا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مشاورت سے انسداد اسموگ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ رپورٹ سے مسئلے کی جڑ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں برس ایئر کوالٹی انڈکس 271 تک پہنچا ہے۔ اس سے پہلے کہ صورتحال خطرناک سطح پر پہنچے ہمیں جامع انسداد اسموگ پلان وضع کرنا ہے۔اسلام آباد کی ائیر کوالٹی کو بہتر بنانے اور محفوظ شہر بنانے میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ پوری کوشش ہے کہ اسموگ کے مسئلے کا ابھی سے تدارک کیا جائے۔ بین الاقوامی معیار کی جائزہ رپورٹ کے ذریعے اسموگ کی اصل وجوہات کو سامنے لانا ضروری ہے۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں اینٹی سموگ مشینوں کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ورلڈ بینک کے اشتراک کار سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے خواہاں ہیں۔ شہر کے ماحول کو صاف رکھنے کے لیے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا ہے اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور دیہی علاقوں کی بہتری بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ شہریوں کو صاف پانی اور سینیٹیشن کی فراہمی بھی ہمارے اہداف میں شامل ہے۔ اسلام آباد میں واسا کے ادارے کو اسلام آباد واٹر کے نام سے متعارف کروا رہے ہیں۔