اعظم سواتی مقدمات کی تفصیلات کیس میں انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع
اعظم سواتی مقدمات کی تفصیلات سے متعلق کیس میں پولیس کی انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔
ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جس میں عدالتی حکم پر اسلام آباد پولیس نے انکوائری رپورٹ جمع کر دی ۔
عدالت میں جمع کرائی گئی انکوائری میں غلط رپورٹ عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے پر اے ایس آئی ظفر اقبال کے خلاف شوکاز نوٹس کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر ذمے داری پر اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظفر اقبال کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 2 سال کی نوکری ضبط کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکمل ریکارڈ جمع نہ کرنے پر خصوصی انکوائری کی گئی، جس میں مختلف تھانوں کے محرر کے بیان قلمبند کیے گئے۔ انکوائری کے دوران بیانات کے نتیجے میں اے ایس آئی ظفر اقبال کو ذمے دار ٹھہرایا گیا۔ کیس سے متعلق رپورٹس عمران نامی اہلکار کے پاس تھی جو ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق ہوا۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کی جانب سے سہیل خان عدالت میں پیش ہوئے ۔ بعد ازاں عادلت نے کیس کی سماعت جنوری تک ملتوی کردی۔