نومبر میں درجہ حرارت 2ڈگری زیادہ، بارشیں 47فیصد کم ریکارڈ
ملک میں رواں سال نومبر کے دوران معمول سے کم بارشیں ہونے کے سبب 47 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر میں دن اور رات کے دوران درجہ حرارت بھی دو، دو ڈگری زیادہ رہا۔
آنے والے دنوں میں ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان کے بالائی علاقوں کا رخ کرے گا جس کے باعث بلوچستان میں بارش اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں؛ پنجاب، بلوچستان اور کے پی میں سردی، کراچی میں اتوار تک موسم کیسا رہے گا؟
رواں سال نومبر میں لاہور سمیت پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں اسموگ کا راج رہا جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقے بھی اسموگ کی زد میں آئے۔
معمول سے کم بارشیں ہونے کے سبب اسموگ میں خاطر خواہ کمی نہیں آسکی جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ بھی نہیں کیا گیا۔