حزب اللہ کا شہید حسن نصراللہ کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان
حزب اللہ نے آج اپنے امیر کی شہادت کے دو ماہ مکمل ہونے پر اعلان کیا ہے وہ حسن نصراللہ کی عوامی سطح پر نماز جنازہ پڑھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب رہنما محمود قومی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 27 ستمبر کو حزب اللہ کے زیر زمین ہیڈکوارٹر پر 5،5 ہزار پاؤنڈ کے بم برسائے تھے جس میں حسن نصر اللہ شہید ہوگئے تھے۔
تاہم اسرائیل کی لبنان پر جگہ جگہ مسلسل بمباری کے باعث حزب اللہ کے امیر کی نماز جنازہ عوامی سطح پر منعقد نہیں ہوسکی تھی۔
حال ہی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی طے پاجانے کے بعد حزب اللہ نے اپنے امیر کی نماز جنازہ کا اعلان کردیا۔
حزب اللہ کے ایک رہنما کا کہنا تھا کہ شہید حسن نصراللہ کی نماز جنازہ مکمل احترام اور اہتمام کے ساتھ ادا کی جائے گی جس میں بڑی تعداد میں لبنانی عوام شرکت کرکے اپنے لیڈر کو خراج تحسین پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ حسن نصر اللہ کو نماز جنازہ اور تدفین کے مقام پر اسرائیلی بمباری کے خدشے کے پیش نظر حسن نصر اللہ کی صرف اہم رفقا کی موجودگی میں نماز جنازہ کے بعدعارضی طور نامعلوم مقام پر امانتاً دفن کیا گیا تھا۔