کراچی شہر میں مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جس میں سے دو افراد بلندی سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئے ۔
تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 8 اپارٹمنٹ میں کام کے دوران بلندی سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لیجائی گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ اویس کے نام سے کی گئی جو کہ محنت کش بتایا جاتا ہے اور کام کے دوران عمارت کی 26 ویں منزل سے گر گیا تھا۔تاہم، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
گلشن اقبال اسٹیڈیم روڈ کے ڈی اے آفیسر سوسائٹی کے قریب بلندی سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ شہزاد کے نام سے کی گئی جو کہ محنت کش اور واقعہ کام کے دوران بنگلے کی چھت سے گرنے کا بتایا جا رہا ہے۔تاہم، اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا ملیر کالا بورڈ برف خانے کے قریب کام کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔جہاں متوفی کی شناخت 45 سالہ رمضان کے نام سے کی گئی جو کہ محنت کش اور واقعہ سر پر وزنی چیز لگنے کے باعث پیش آیا تھا ۔