انگلش کرکٹرز کی پی ایس ایل سمیت دیگر فرنچائز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دیگر فرنچائز لیگز میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی۔
دی ٹیلی گراف نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن کے باعث اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر فرنچائز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کردی ہے تاہم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اس سے مستثنیٰ ہے۔
انگلش بورڈ کو پلیئرز پر پابندی لگانے کی وجہ سے ایک بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ کچھ کھلاڑی فرنچائز لیگ کےلیے ممکنہ طور پر اپنے ریڈ بال کیرئیر کو بریک لگاسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: دی ہنڈریڈ؛ پیسوں کیلئے انگلش بورڈ 6 فرنچائزز کی فروخت کا منصوبہ بنالیا
گزشتہ دنوں ای سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ ونڈو کے دوران ہونے والی فرنچائز لیگز کےلیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ بورڈ دی ہنڈریڈ لیگ اور ٹی 20 بلاسٹ کے درمیان ہونے والی لیگز میں بھی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت نہیں دے گا۔
خیال رہے کہ اگلے برس پاکستان سپر لیگ (2025) چیمپئینز ٹرافی کے باعث اپریل میں ہوگی اور خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ انگلینڈ کے کئی سرکردہ کرکٹرز ٹی 20 لیگ کھیلنے کےلیے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: جدہ میں آئی پی ایل کی بولیاں، کون کتنے میں فروخت ہوا؟
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی لیگ کےلیے انگلش کرکٹ بورڈ کو منانے کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں تاکہ انگلش پلیئرز کی لیگ میں شرکت کو ممکن بنایا جاسکے۔