عدالت کی جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت، دو وکلا عمران خان سے ملنے پہنچ گئے

سپرنٹنڈنٹ جیل وکلا کو تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے کے تفتیشی افسر تک رسائی دے، عدالتی حکم


ویب ڈیسک November 29, 2024
فوٹو فائل

راولپنڈی:

عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کردی جس کے بعد دو وکلا فیصل چوہدری اور فیصل ملک ان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے معاملے میں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست دی تھی۔

عدالتی ہدایت کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری عدالتی احکامات لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک، غلام حسنین سنبل اور راجا متین کی ملاقات کے لیے احکامات جاری کیے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزم اس وقت عدالتی تحویل میں نہیں، راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہے۔ وکلا ملزم کا حالیہ جسمانی ریمانڈ چیلنج کرنا چاہتے ہیں، تفتیشی افسر سے ملاقات کروائی جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار مقدمہ کے تفتیشی آفیسر سے رابطہ کریں اور سپرنٹنڈنٹ جیل وکلا کو تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے کے تفتیشی افسر تک رسائی دے۔

دریں اثنا عدالتی احکامات ملنے پر دو وکلاء بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔ ملاقات کے لیے آنے والوں میں فیصل چوہدری اور فیصل ملک شامل ہیں۔

فیصل چوہدری نے گزشتہ روز سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور آج انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی ج سے ملاقات کی درخواست دی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصل چوہدری کی درخواست پر وکلاء کی ملاقات کے لیے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایات جاری کی تھیں۔

فیصل چوہدری 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس اور توشہ خانہ ٹو کیس اور دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل اور ترجمان ہیں۔

فیصل ملک جی ایچ کیو حملہ کیس، تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں