پی ٹی آئی مظاہرین کے ہاتھوں زخمی ہونے والے رینجرز اہل کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ شرپسندوں نے ہم پر ڈنڈے برسائے اور 6 ساتھیوں کو کچلنے کی کوشش کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے شرپسندوں سے ملک کے محافظ بھی محفوظ نہیں رہے۔ احتجاج میں شریک مظاہرین کے تشدد سے متاثر ہونے والے پنجاب رینجرز کے جوانوں کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پنجاب رینجرز کے اہل کاروں کے مطابق شر پسندوں نے احتجاج کی آڑ میں دھاوا بول بولا اور ان پر باقاعدہ حملہ کیا۔ نائیک سفیر نے کہا کہ میں 26 نمبر ڈیوٹی پر تھا جب مظاہرین نے ہم پر تشدد کیا، لاٹھی چارج کیا، پتھر مارے، ہم سے ہیلمٹ اور شیلڈ بھی چھین لی۔ ڈنڈے مار کر میرے ناک کی ہڈی اور ٹانگ کو توڑ ڈالا۔
سپاہی محمد آصف کے بیان کے مطابق "26 نمبر ڈیوٹی کے دوران شرپسندوں نے 6 ساتھیوں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی"۔ہمارے 3 ساتھی شہید جب کہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
پرتشدد واقعات کے چشم دید گواہ پنجاب رینجرز کے سپاہی عرفان نے بتایا کہ مظاہرین نے حملہ کیا، پتھراؤ اور فائرنگ کرتے ہوئے ہیلمٹ اور شیلڈیں چھین لی۔ سپاہی عرفان نے کہا کہ میرے بازو اور ٹانگ کو توڑ ڈالا اور میں بے ہوش ہو گیا۔ ہم ڈیوٹی پر تعینات تھے کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ہم پر پتھر برسائے ۔
سپاہی شہزاد نے کہا کہ ہمارے پاس صرف اینٹی رائٹس شیلڈز پتھراؤ سے بچاؤ کے لیے تھیں۔ شر پسندوں کی فائرنگ سے گولی ساتھی کے ہیلمٹ کو لگی اور سر پر فائر لگنے سے ساتھی شدید زخمی ہوئے، جو اس وقت آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔