کراچی؛ حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق، کیماڑی سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد

پولیس نے شبہے کی بنیاد پر خاتون کے شوہر کو شامل تفتیش کرلی


اسٹاف رپورٹر November 29, 2024
(فوٹو: فائل)

کراچی:

شہر قائد میں مختلف حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے جب کہ کیماڑی سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق سپر ہائی وے جنجال گوٹھ کے قریب 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں 6 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوران علاج ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کی شناخت 18 سالہ راجو ولد تلسی کے نام سے کی گئی ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے والے 5 افراد کی شناخت 15 سالہ ساگر ، 18 سالہ اجے ، 15 سالہ کرن ، 40 سالہ ارشد اور 18 سالہ حمزہ کے نام سے کی گئی۔زخمیوں میں 3 بھائی بتائے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں ملیر کالا بورڈ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 19 سالہ کامران ولد جاوید کے نام سے کی گئی ۔ متوفی ملیر کا رہائشی تھا ۔

دریں اثنا کیماڑی کی رہائشی 2بچوں کی ماں کی گھر سے پھندا لگی لاش ملی۔  پولیس نے شبہے کی بنیاد پر خاتون کے شوہر کو شامل تفتیش کر لیا۔

جیکسن تھانے کے علاقے کیماڑی تارا چند روڈ بلاک نمبر 16 میں گھر سے خاتون کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 30 سالہ حاجرہ زوجہ شاہد کے نام سے کی گئی۔

متوفی خاتون کے شوہر نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ ان کے 2 بچے ہیں، وہ خود رات میں گاڑیوں کی چوکیداری کا کام کرتا ہے۔  واقعے کے وقت وہ اپنے کام پر گیا ہوا تھا جب واپس آیا تو اس کی اہلیہ کے گلے میں دوپٹے کا پھندا لگا ہوا تھا اور لاش پنکھے سے جھول رہی تھی، جس پر اس نے فوری طور پر لاش اتار کر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔

بعد ازاں پولیس جب موقع پر پہنچی تو مقتولہ کی لاش پلنگ پر رکھی ہوئی تھی جب کہ دوپٹہ پنکھے سے بندھا ہوا تھا ۔ مقتولہ کی کزن بھی موقع پر پہنچ گئی تھی جب کہ پولیس نے شبہے کی بنیاد پر خاتون کے شوہر کو شامل تفتیش کر لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں