کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت سے سزا کا فیصلہ سنتے ہی 2 ملزمان فرار

دیگر 2 ملزمان کو پولیس نے پکڑلیا، عدالت نے چاروں کو 5، 5 سال کی سزا سنائی تھی

کراچی:

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے سزا کا فیصلہ سنتے ہی 2 ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس دیگر 2 ملزمان کو پکڑنے میں کامیاب رہی۔

کراچی کلفٹن میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 نے تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ پراسیکیوشن 4 ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔

عدالت نے چاروں ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 5٫5 سال قید کی سزا کا حکم دیدیا۔ سزا کا فیصلہ سنتے ہی 2 ملزمان شیر اللہ اور بن یامین کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے، پولیس دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

دیگر 2 ملزمان فہد یوسف اور ولی محمد کو احاطہ عدالت سے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کورٹ پولیس نے مجرموں کو فرار کرانے والے 3 افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 2022 میں سائٹ سپر ہائی وے پر تجاوزات آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر حملہ کیا تھا۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سائٹ سپر ہائی وے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Load Next Story