کراچی؛گلشن معمار میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات سے شہریوں میں خوف و ہراس

علاقہ مکینوں کا متعلقہ حکام سے آوارہ کتوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کا مطالبہ

کراچی:

گلشن معمار میں آوارہ کتوں کی بہتات اور شہریوں کو کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں مسجد کے باہر ایک شخص کی ٹانگ کتے کے کاٹنے سے لہولہان ہوگئی جبکہ مسجد انتظامیہ کی جانب سے زخمی شخص کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال  لے جایا گیا۔ 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلشن معمار کے علاقے میں قائم جامع مسجد معمور کے مین گیٹ پر ایک شخص کی ٹانگ پر ٹخنے کے قریب کتے نے کاٹ لیا جس کی وجہ سے اس کی ٹانگ سے خون بہنے لگا۔

 اس دوران مسجد انتظامیہ کی جانب سے ویڈیو میں بتایا گیا کہ واقعہ جمعے کی نماز کے بعد پیش آیا ہے جبکہ زخمی ہونے والا مسجد کا خادم ہے، ویڈیو میں تمام سیاسی جماعتوں اور گلشن معمار کی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خدارا گلشن معمار میں آوارہ کتوں کا کوئی بندوبست کیا جائے تاکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات ختم ہو سکیں۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آوارہ کتوں کی بہتات اور شہریوں کو کاٹنے کے واقعات کی وجہ سے مکین شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں اور خصوصاً خواتین و بچوں کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہے۔

 علاقہ مکینوں نے بھی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقہ مکین کتوں کے حملوں اور ان کے کاٹ نے سے محفوظ رہ سکیں۔

Load Next Story