پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا کی سرحد سے پولیس چوکی پر خوارجیوں کے دو حملے ناکام بنادیے
پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا 3 دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بیان میں کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحد پرڈیرہ غازی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ آور خوارجی دہشت گرد ایک بار پھر پسپا ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ20 سے 25 دہشت گرد جدید اور بھاری اسلحے سے شدید فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آور ہوئے جبکہ پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی فوری کارروائی کے نتیجے میں دہشت گر پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ بھرپورجوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے، چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی آمد کی فی الفور نشان دہی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او سید علی کی زیر قیادت ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیموں نے فوری رسپانس کرتے ہوئے موقع پر پہنچیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آئی جی ڈاکٹرعثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او سید علی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس جوان ہر لمحہ سربکف ہیں، لکھانی چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کا مورال اور عزم و حوصلہ بلند ہے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔