محکمہ موسمیات کی 4 دسمبر کے بعد کراچی میں سردی کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے4 دسمبر کے بعد شہرمیں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کردی،صبح وشام کے درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق ہواؤں کا بارشیں دینے والا مغربی سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے،جوبلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سبب بننے کے بعد ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقل ہوگا،تاہم اس سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہواؤں کے کراچی پراثراندازہونے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کم سےکم اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری کمی ہوگی، جس کے نتیجے میں 4 دسمبرکے بعد کراچی میں سردی بڑھ سکتی ہے۔اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 16اورزیادہ سے زیادہ 30ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جاری پیش گوئی کے مطابق مغربی سسٹم کے سبب ہفتے کو دیہی سندھ کے اضلاع قمبرشہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اورشکارپورمیں ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔