ABUJA:
نائیجریا کے وسطی علاقے میں دریائے نائیجر میں کشتی الٹنے سے 27 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان سیندرا موسیٰ نے بتایا کہ کشتی ڈوبنے کا حادثہ جمعرات کو رات گئے پیش آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد اسی وقت معلوم ہوگی جب ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام مکمل ہوجائے گا جبکہ اس وقت ریسکیو ٹیمیں تلاش میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک 27 لاشیں نکال لی گئی ہیں لیکن تلاش کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔
نیشنل ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کشتی میں اکثر وسطی ریات کوگی سے میسا قبیلے کے تاجر سوار تھے جو پڑوسی ریاست نائیجر میں ہفتہ وار مارکیٹ جا رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار کسی بھی فرد نے لائف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔