چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی بورڈ کے نائب صدر کا بیان بھی آگیا

بھارتی دفتر خارجہ اور راجیو شکلا کے بیانات میں تضاد

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات چیت جاری ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے گزشتہ روز ہونے والا اہم اجلاس آج تک کےلیے ملتوی کیا گیا تھا، تاہم 15 منٹ جاری رہنے والی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی بورڈ کو مل کر قابل قبول آپشن تلاش کرنے کا آپشن دیا تھا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی بھی چیمپئینز ٹرافی کے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کررہا ہے، اس معاملے پر بی سی سی آئی کی پوزیشن یہ ہے کہ ہم وہ کریں گے جو ہم سے حکومت کرنے کو کہے گی۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اپنے دو ٹوک مؤقف پر قائم، آئی سی سی اجلاس آج پھر ہوگا

دوسری جانب راجیو شکلا کی اس گفتگو سے قبل بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان سے بھی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران چیمپئینز ٹرافی پر سوال ہوا تھا جس پر انہوں نے کھل کر انڈین حکومت کی پوزیشن بتانے کی بجائے، انڈین کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی سی سی آئی کا کہنا ہے انہیں پاکستان میں سکیورٹی تحفظات ہیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ آئی سی سی اجلاس سے قبل محسن نقوی کی اہم ملاقاتیں

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں سیکیورٹی کا محض بہانہ بنایا لیکن کوئی حتمی ثبوت نہیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی سیاستدان بھی مودی کے دوغلے پن پر ناراض

بھارتی دفتر خارجہ کے بیان نے بی سی سی آئی کی اس پوزیشن پر سوال کھڑا کردیا ہے کہ جس میں یہ مؤقف دیا جاتا تھا حکومت نے اجازت نہیں دی اور اب بھارتی سرکار کہہ رہی ہے کہ تحفظات کا اظہار بی سی سی آئی نے کیا ہے۔

دوسری جانب اجلاس میں پاکستان نے مکمل ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک ہی میں کرنے پر زور دیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل کی ایک بار پھر مخالفت کی، اس موقع پر آئی سی سی نے بعض تجاویز بھی پیش کیں، جن پر ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد معاملہ ہفتے کے روز تک مؤخر کردیا گیا تھا۔

Load Next Story