کراچی: بینک سے نکلنے والے بزرگ شہری کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا
ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں موٹر سائیکلوں پر سوار5 ملزمان نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے عمررسیدہ شخص کو لوٹ لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں موٹرسائیکلوں پر سوار5 ملزمان نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے عمررسیدہ شخص کولوٹ لیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمررسیدہ شخص رکشے سے اتر کر جیسے ہی گھر کی دہلیز پر پہنچا ملزمان بھی آگئے، ملزمان نے عمر رسیدہ شخص کو لوٹ مار کے دوران زدوکوب بھی کیا۔
مسلح ملزمان رکشے میں سوار شخص کا تعاقب کرتے ہوئے آئے تھے، رکشہ رکا تو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان آگے چلے گئے، عمررسیدہ شخص جیسے ہی رکشے سے اترا موٹر سائیکل سوار ملزمان بھی واپس آگئے۔
ایک موٹر سائیکل پر سوار شخص رکشہ رکتے ہی واپس مڑ گیا ممکنہ طور پر ملزمان کا ا یک ساتھی کچھ فاصلے پر موجود رہا، گلبرگ پولیس کے مطابق واردات جمعرات کی شام ہوئی۔
متاثرہ عمررسیدہ شخص نے واردات سے متعلق پولیس کا آگاہ نہیں کیا، پولیس نے خود متاثرہ شخص سے رابطہ کرکے تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ واردات سے متعلق مزید تفتیش جا رہی ہے، جلد ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا۔
ادھر ضلع ملیر کے علاقے گلشن حدید فیزٹو میں مسلح ملزمان نے گلی سے گزرنے والے نوجوان کو موبائل استعمال کرتے ہوئے دبوچ لیا، مسلح ملزمان اس سے قبل ایک واردات کر کے دوسری گلی میں پہنچے راہ گیر کو چند سیکنڈ میں موبائل فون اور رقم سے محروم کردیا، بائیک سوار ملزمان نے نوجوان کی تلاشی لی۔
سی سی ٹی وی میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں، گلشن حدید میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں ناکام ہے، سی سی ٹی وی میں دکھنے والے ملزمان کی اس سے قبل بھی لوٹ مار کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آچکی ہے تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔