ٹرمپ کے صدارت سنبھالنے سے پہلے امریکا واپس آجائیں، غیرملکی طلبا کو یونیورسٹیوں کی ہدایت

ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد امیگریشن اور دیگر پالیسیاں تبدیل ہوسکتی ہیں، ایڈوائزری


ویب ڈیسک November 30, 2024

امریکا کی ٹاپ کلاس یونیورسٹیوں نے غیر ملکی طلبا کو ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سنبھالنے سے قبل امریکا واپس آنے کی ہدایت کردی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی صف اول کی یونیورسٹیوں کی جانب سے طلبا کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری میں انہیں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل امریکا واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکا کی میسا چوسٹس،  ایمہرسٹ اور دیگر یونیورسٹیوں اور کالجز کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی حلف اٹھانے کے بعد پہلے ہی روز سفری پابندیوں سے متعلق حکم نامہ جاری کرسکتے۔ 2017 میں بھی سفری پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے غیرملکی طلبا اور اسٹاف جنوری میں ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے قبل ملک میں واپس آجائیں۔ پالیسیاں تبدیل ہونے سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دنیا کی مشہوریل یونیورسٹی نے گزشتہ ماہ ایک ویبنار میں طلبا کو امیگریشن اور ویزہ پالیسیوں میں تبدیلیوں کے حوالے سے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کو شکست دی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو امریکا کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں