کراچی:
بیرون ملک بھیجے جانے والے پارسل سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے چندریگر روڈ پر واقع جی پی او میں کارروائی کی ، جہاں بیرون ملک بھیجنے کے لیے تیار پارسل سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔
بیگ کی تلاشی لینے پر پارسل میں موجود بچوں کے کپڑوں میں جذب کی گئی 3 کلو 800 گرام آئس برآمد ہوئی۔ مذکورہ پارسل پشاور کے رہائشی کی جانب سے نیوزی لینڈ کے لیے بک کروایا گیا تھا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے پارسل تحویل میں لے کر ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔