پی ٹی آئی کے 5 گرفتار رہنما جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
راولپنڈی / اسلام آباد: تحریک انصاف کے پانچ گرفتار رہنماؤں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 5 گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کرنل اجمل صابر، خلیق زیاد کیانی و دیگر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پانچوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرکے فیصلہ سنا دیا۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 2 دسمبر تک توسیع کردی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز،وکلا لطیف کھوسہ،نیاز اللہ نیازی اور انصر کیانی کے خلاف مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔