تحریک انصاف کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے، شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔
سندھ پراپرٹی ایکسپو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی میرا فیورٹ سبجیکٹ نہیں۔ سوشل میڈیا پر جھوٹ کا پلندہ بنایا جارہا ہے۔کوئی کہہ رہا ہے 100 کوئی کہہ رہا ہے 275 لاشیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایک جان قیمتی ہے ، چاہے کوئی بھی شخص ہو۔ پی ٹی آئی ہمیشہ جھوٹ بولتی آئی ہے۔ 3 سو لوگ مرے ہیں تو ان کی لسٹیں کہاں ہیں۔ نہ تدفین نہ کسی کا کام۔اگر ایک بھی جان گئی ہے تو نہیں جانی چاہیے تھی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔ محسن صاحب نے انہیں دھرنے کی اجازت دے دی تھی لیکن وہ اس جگہ پر نہیں رُکے اور ڈی چوک گئے۔
شرجیل میمن نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اہم دن ہے، اس روز پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی۔ پیپلزپارٹی کے قیام کا مقصد غریب عوام اور جمہوریت کو مضبوط کرنا تھا۔ پی پی واحد جماعت ہے جس نے اس ملک کے لیے کچھ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تین چار بڑی جماعتیں ہیں دیکھیں کہ ان کے لیڈر اور جماعت نے کیا کیا۔ پیپلزپارٹی واحد جماعت جس نے اس ملک کے لیے قربانیاں دیں۔ بھٹو خاندان واحد خاندان ہے جسے پورا کا پورا شہید کیا گیا۔ اس خاندان کا قصور یہ ہے کہ اس نے ملک کو جمہوریت اور آئین دیا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
سینئر صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے۔ حکومت تجارت اور سرمایہ کاروں کےاعتمادمیں اضافہ چاہتی ہے۔ تعمیراتی شعبے کوہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔