سلمان خان کی مزاحیہ گفتگو نے دیا مرزا کو حیران کر دیا

ایک دن تم میری ماں کا کردار ادا کروگی، سلمان خان کا دیا مرزا پر طنز

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اور دیا مرزا کے درمیان ہمیشہ ایک خوشگوار تعلق رہا ہے اور اداکارہ اکثر ان کے بارے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتی رہی ہیں تاہم دیا مرزا نے سلمان خان سے متعلق ایک ایسا واقعہ بتایا ہے جس کو جان کر مداح بھی حیران ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دیا مرزا نے 2002 کی فلم ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ کے سیٹ پر پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کو یاد کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ اسے شیئر کیا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں دیا مرزا نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے ایک سین کے دوران مزاحیہ انداز میں کہا کہ ایک وقت آئے گا جب آنے والی فلموں میں دیا مرزا ان کی ماں کا کردار ادا کریں گی۔

سلمان خان نے یہ بات اس وقت کہی جب فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک اداکارہ جو فلم میں سلمان کی ماں کا کردار ادا کر رہی تھیں، اپنے سین کو شوٹ کروانے کے لیے انتظار کر رہی تھیں۔ سلمان نے دیا مرزا کو بتایا کہ مذکورہ اداکارہ ماضی میں ان کے ساتھ ہیروئن کے طور پر کام کر چکی ہیں۔

دیا مرزا اس انکشاف پر حیران رہ گئیں اور سوال کیا تو سلمان نے مسکراتے ہوئے کہا، ’ہاں، اور ایک دن تم بھی میری ماں کا کردار نبھاؤ گی‘۔ دیا مرزا نے اس بات کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا لیکن ساتھ ہی اعتراف کیا کہ وہ حیرت زدہ بھی تھیں۔

یاد رہے کہ فلم ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ میں سلمان خان، دیا مرزا، سشمیتا سین نے اہم کردار ادا کیے تھے جبکہ یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔

Load Next Story