’’سلمان خان نے مجھے سیکڑوں افراد کے ہجوم سے بچایا تھا‘‘؛ دیا مرزا کا انکشاف

دیا مرزا ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ کی راجھستان میں شوٹنگ کے دوران سیکڑوں لوگوں کے ہجوم میں پھنس گئی تھیں

بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے اپنے انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ایک بار راجھستان میں ان کی فلم ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار سلمان خان نے انھیں سیکڑوں لوگوں کے ہجوم سے بچایا تھا۔

دیا مرزا کی پہلی فلم ’’رہنا ہے تیرے دل میں‘‘ دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد پذیرائی حاصل کررہی ہے۔ ایسے موقع پر اداکارہ نے سلمان خان کے ساتھ اپنی فلم ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فلم بھی تھیٹروں میں دوبارہ ریلیز کی جائے تو اسے بھی پذیرائی حاصل ہوگی۔

اداکارہ نے سلمان خان کے ساتھ اپنی فلم ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ کی یادیں شیئر کرتے ہوئے سلمان خان کی دیکھ بھال کرنے والی فطرت پر بات کی اور یہ انکشاف کیا کہ کس طرح سلمان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کی حفاظت کی تھی۔

دیا نے اپنی یادیں دہراتے ہوئے بتایا کہ جب انھوں نے فلم سائن کی تو وہ سلمان خان کی بڑی مداح تھیں اور جب ہم نے ایک ساتھ کام شروع کیا تو میں ہر روز انھیں دیکھتی اور سوچتی کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں واقعی اس شخص کے ساتھ کام کررہی ہوں جس کی فلمیں میں نے بار بار دیکھی ہیں۔

دیا مرزا نے بتایا کہ اس دور میں سیٹ پر صنفی توازن آج کے جیسا نہیں تھا۔ انھوں نے جے پور کے مضافات میں ایک گانے کی شوٹنگ کا واقعہ بھی سنایا، جہاں اضافی سیکیورٹی ضروری تھی۔ اداکارہ نے بتایا کہ ایک دن جب ہم واپس آرہے تھے تو سیکڑوں لوگ ہمارا پیچھا کررہے تھے، وہ چیخ رہے تھے اور سیٹیاں بجا رہے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ مجھے اور سلمان خان کو ایک ہی گاڑی میں سیکیورٹی کے ساتھ بھیجا گیا تاکہ ہم محفوظ رہیں، کیونکہ اس جگہ بہت ہجوم تھا۔ اور میں کبھی نہیں بھولوں گی کہ سلمان نے میری حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پہلے مجھے گاڑی میں بٹھایا۔

دیا مرزا کی فلم ’’تم کو نہ بھول پائیں گے‘‘ کا مشہور گانا ’’بندیا چمکے، چوڑی کھنکے‘‘ راجھستان میں شوٹ ہوا تھا۔ 2002 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دیا اور سلمان کے ساتھ سشمینا سین نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

Load Next Story