پہاڑوں پر برفباری اور دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے اتوار کو شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراورخطہ پوٹھو ہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ خطہ پوٹھوہار، وسطی اور جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پرتیز ہواوؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری اور دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناران اور ملحقہ وادیوں میں آج سے برف باری کا امکان ہے، سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے شہر خضدار60 ملی میٹر، پنجاب کے ضلع ڈی جی خان میں ایک ملی میٹر، نور پور تھل 6، لیہ 5، جوہرآباد 4، بھکر3، کوٹ ادو، منڈی بہا الدین میں دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ سندھ کے جیکب آبا د میں 6 ملی میٹر، خیبرپختونخوا کے علاقوں ڈی آئی خان سٹی میں 3 ملی میٹر اورکالام میں بھی 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر ناران اور ملحقہ وادیوں میں رواں سال کا سیاحتی سیزن اختتام پذیر ہوگیا۔
انتظامیہ نے سیاحتی مقام ناران اور اس سے آگے دیگر مقامات کو سیاحوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے۔
ناران میں ہوٹلز بند ہوچکے ہیں اوردیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ بجلی کی سپلائی بھی منقطع ہے جبکہ شووگران اورکاغان سیاحوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔