یہ نہیں ہوسکتا پاکستان بھارت جائے اور انڈیا نہ آئے، برابری کا فارمولا ہی قبول کریں گے، محسن نقوی
دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا اور بھارتی بورڈ نے اپنا مؤقف پیش کردیا، ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کی جیت ہو اور سب کچھ عزت کے ساتھ ہو۔
دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم کرکٹ کی بہتری کے لیے کوششیں کررہے ہیں، اگر کوئی نیا فارمولا بنا تو برابری اُس کی بنیاد ہوگی، بہت ساری چیزیں ہوسکتی ہیں مگر ہماری ترجیح کرکٹ کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ضروری پاکستان کی عزت جسے ہم برقرار رکھوائیں گے اور پھر کرکٹ کی جیت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ یک طرفہ کام چلے، ہم بھارت جائیں اور بھارت پاکستان نہ آئے، اب جو بھی ہوگا وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا اور فیصلے صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں رہیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ہائبرڈ ماڈل قبول کر لیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے کو اب ہم ہمیشہ کیلیے برابری کی بنیاد پر حل کریں گے اور کوئی فارمولا بنا تو وہ بھی برابری کی بنیاد پر ہوگا، خواہش ہے کہ معاملے کا اچھا حل نکلے۔
دبئی میں محسن نقوی سے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے، سیکیورٹی سمیت تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔