پشاور:
خیبرپختونخوا(کے پی) کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے صوبے میں آگ لگی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی اسلام آباد میں آگ لگانے گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے پشاور میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکز پہنچے اور انہیں دعوت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں 5 دسمبر کو اے پی سی ہوگی، صوبائی حکومت کو اے پی سی کی دعوت دے دی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اسپیکربابر سلیم کو دعوت دے دی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اپنے صوبے میں آگ لگی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی اسلام آباد میں آگ لگانے گئی ہے، پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کی حلف برادری میں حصہ لیا جبکہ اب انہیں عدلیہ پر اعتماد نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیفیکٹو وزیراعلیٰ لائٹ بھجا کر وہاں سے بھاگ گئی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اگر لگتا ہے اور وفاق لگاتا ہے تو اس کا فیصلہ ہماری جماعت کرے گی، وفاق نے کہا ہے کہ ہم پی پی پی کو اعتماد میں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں ایک ایسی شق موجود ہے کہ اگر صوبے میں حالات ایسے ہوں تو گورنر راج لگ سکتا ہے مگر جمہوری جماعتیں گورنر راج کے حق میں نہیں ہوتی، لیکن حالات ایسے بن جائیں تو پھر گونر راج لگ سکتا ہے۔