کراچی؛ الیکٹرک سگریٹ، کاسمیٹکس سمیت 10 کروڑ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد

برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء 12 مزدہ ٹرکوں کے ذریعے کسٹم انفورسمنٹ کے حوالے کر دی گئی


اسٹاف رپورٹر December 01, 2024

کراچی:

سندھ رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کی جانب سے کھارادر کے علاقے بولٹن مارکیٹ یوسف پلازہ میں مشترکہ آپریشن کے دوران 10 کروڑ روپے مالیت کی نان نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کا اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، دونوں محکموں کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بولٹن مارکیٹ یوسف پلازہ کھارادر کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ اشیاء سگریٹ، الیکٹرک سگریٹ، شیشہ فلیور، گھڑیاں، چاکلیٹ، صابن، پرفیوم، مختلف اقسام کے کاسمیٹکس کا سامان اور مختلف نوعیت کی اشیائے خورونوش برآمد کر لی گئیں۔ اسمگل شدہ سامان مختلف گوداموں میں چھپایا گیا تھا۔

برآمد کیے گئے سامان کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے ہے، برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء 12 مزدہ ٹرکوں کے ذریعے مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم انفورسمنٹ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے عوام سے اپیل ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں