کراچی:
کراچی میں رات کے وقت خنکی بڑھ گئی،کم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.7 ڈگری گرگیا۔
بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے اثرات شہرپر نمودار ہونا شروع ہوگئے،اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.7 ڈگری کمی سے 17.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 5 دسمبر سے بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے ممکنہ اثرات 5 دسمبر سے یخ بستہ ہواؤں کے سبب صبح و رات کے درجہ حرارت میں 2 سے3 ڈگری کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق پیر سے شہر پر بلوچستان کی ہوائیں اثرانداز ہونے کے سبب معتدل موسم کے ساتھ خنک راتیں متوقع ہیں اور منگل کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
یخ بستہ موسم کے دوران کم سے کم پارہ 17 ڈگری تک گرسکتا ہے اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 تا 31ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔