پاکستان کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے نئی نویلی دلہنوں اور ان کی ماؤں کو اہم نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے بعد لڑکیاں سسرال کی ہر چھوٹی بڑی بات اپنی والدہ کو نہ بتائیں کیونکہ اس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور گھر برباد ہوسکتے ہیں۔
اسما عباس نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ماؤں اور شادی شدہ بیٹیوں کو ایک دوسرے کا پیچھا چھوڑ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو سمجھنا چاہیے کہ سسرال کی ہر بات ماں کو بتانا لازمی نہیں ہے، بلکہ یہ عمل ازدواجی زندگی میں مسائل کو جنم دیتا ہے۔
اداکارہ نے کہا، "بیٹیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی شادی خود چلانے کی کوشش کریں اور والدین کو بھی اپنے بچوں کے ازدواجی معاملات میں حد سے زیادہ مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔ شادی شدہ بیٹیوں کو گھر ہنستے ہوئے جانا چاہیے، روتے ہوئے نہیں۔"
مزید برآں، اسما عباس نے ماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو برداشت اور حکمت عملی کا سبق دیں تاکہ وہ اپنے سسرال میں اچھی طرح رہ سکیں۔