RIYADH:
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے ریاض میٹرو منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
العربیہ نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ شاہ سلمان کی جانب سے افتتاح کیا گیا میڑو منصوبہ دارالحکومت ریاض میں پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا بنیادی منصوبہ ہے۔
شاہ سلمان نے افتتاح کے موقع پر منصوبے کی تعارفی ڈاکیومنٹر بھی دیکھی، جس میں منصوبے کی تفصیلات بتائی گئی تھیں۔
منصوبہ جدید ڈیزائن، ٹیکنیکل مہارتوں، 176 کلومیٹر پر مشتمل 6 ٹرین لائنز کے نیٹ ورک اور 85 اسٹیشنز سمیت 4 بڑے مراکز پر مشتمل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ منصوبہ دنیا بھر کے سب سے بڑے عوامی ٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں سے ایک ہے اور ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ایک فیز میں پورا ریاض اس سے جڑ جائے۔
مذکورہ منصوبہ ولی عہد محمد بن سلمان کے تعاون کے تحت رائل کمشین فار ریاض سٹی کی سربراہی میں شروع کیا گیا ہے اور یہ ولی عہد کے وژن 2023 کا حصہ ہے۔
اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو زبردست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا، شہر کا سماجی، ماحولیاتی اور شہری ماحول کو دوستانہ بنانا ہے۔
رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے بیان میں کہا کہ میٹرو منصوبے کی تین لائنز یکم دسمبر کو کھولنے کے بعد بتدریج تمام 6 لائنز مکمل کھول دی جائیں گی جو شہر بھر میں 176 کلومیٹر نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ نیٹ ورک کو زیادہ سے زیادہ گنجائش کے تحت 3.6 ملین مسافروں اور بغیر ڈرائیور کے مکمل خودکار میٹرو نظام کے تحت چلانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ خدمات کی فراہمی کے لیے چلنے والے 183 ریلیں جرمنی کی کمپنی سیمنز، کینیڈا کی کمپنی بومبارڈیئر اور فرانس کی کمپی ایلسٹوم کی تیار کردہ ہیں، جس میں 448 کیریجز بھی جڑی ہوں گی۔
بیان میں بتایا گیا کہ منصوبے کا جدید اور منفرد ڈیزائن فرانس کی کمپنی ایوانٹ پرییمیئر نے تخلیق کیا ہے۔