بنوں میں فتنہ الخوارج سے مقابلے میں شہید پاک فوج کے کیپٹن کی نماز جنازہ میں وزیراعظم کی شرکت

وزیراعظم نے کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات اور تعزیت کی جبکہ شہید کو خراج تحسین پیش کیا


ویب ڈیسک December 01, 2024
فوٹو پی آئی ڈی

راولپنڈی:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 29 اور 30 نومبر 2024 کو بنوں اور خیبر میں فتنۃ الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیبُ دین شہید کی نماز جنازہ پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے کے مطابق نماز جنازہ میں لفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری ، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی۔

کیپٹن زوہیبُ دین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو انکے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دفاع وطن میں ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پُر عزم ہیں۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلٰی سول اور فوجی افسران بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات اور اُن سے تعزیت کی جبکہ شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، شہید کیپٹن پر پوری قوم کو فخر ہے اور ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

بعد ازاں شہید کیپٹن کو شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ پاک ویو سٹی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، جنازے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

واضح رہے کہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے 30 نومبر 2024 کو ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں تین خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں