اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں شروع ہونے والے نیا پاکستان منزلیں آسان منصوبے میں 30 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ میں ’نیاپاکستان منزلیں آسان منصوبے میں بےضابطگیوں کے انکشاف پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق منصوبہ فزیبلٹی رپورٹ کےبغیرہی شروع کیاگیا جبکہ قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے اور اس وجہ سے 30 ارب روپے کی مالی بدانتظامی ہوئی۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ’نیاپاکستان منزلیں آسان‘ منصوبےکا پی سی ٹوہی تیارنہیں کیاگیا جبکہ پلاننگ کمیشن کی ہدایات کو مکمل نظر انداز اور ریکارڈ فراہم نہیں کیاگیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے منصوبےمیں 30ارب کی بےضابطگیوں کی تحقیقات شروع کردیں۔