’جوان‘ کی جاپان میں زبردست پذیرائی : شاہ رخ خان کا مداحوں کا شکریہ

فلم 29 نومبر کو جاپان میں ریلیز کی گئی تھی اور تب سے اسے وہاں بے پناہ محبت مل رہی ہے

بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی فلم جوان کو جاپان میں زبردست پذیرائی ملنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ فلم 29 نومبر کو جاپان میں ریلیز کی گئی تھی اور تب سے اسے وہاں بے پناہ محبت مل رہی ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا: "جاپان سے جوان کے لیے ملنے والی محبت کے بارے میں پڑھ رہا ہوں... آپ سب کا شکریہ اور امید ہے کہ آپ اس فلم کو اپنے شاندار ملک میں پسند کریں گے۔ ہم نے یہ فلم بھارت سے دنیا کے لیے بنائی ہے، اور خوشی ہے کہ اسے ہر جگہ سراہا جا رہا ہے۔ میری محبت اور شکریہ ان سب کے لیے جنہوں نے جاپان میں یہ فلم دیکھی۔"

فلم جوان، جو کہ ہدایتکار ایٹلی کی تخلیق ہے، کو جاپان میں ٹون نامی کمپنی نے ریلیز کیا۔ یہ کمپنی بھارتی فلموں کو جاپانی شائقین تک پہنچانے میں معروف ہے۔ ریلیز سے پہلے ہی فلم کی مقبولیت واضح تھی کیونکہ 5 جولائی 2024 کو پیشگی بکنگز کا آغاز ہو چکا تھا۔

2023 میں ریلیز ہونے والی یہ ایکشن ڈرامہ فلم شاہ رخ خان کے ڈبل رول پر مبنی ہے۔ فلم نے بھارت میں 761.98 کروڑ روپے اور عالمی سطح پر 386.34 کروڑ روپے کمائے، جس کے بعد اس کا مجموعی بزنس 1,148.32 کروڑ روپے تک پہنچا۔

 

Load Next Story