KABUL:
افغانستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ رواں برس ایڈز کے 200 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان امرخیل نے بتایا کہ ملک بھر میں ایڈز کے علاج کے لیے 8 مراکز اور 61 تشخیصی مراکز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے آنے والے 200 مثبت کیسز کی ایک وجہ چند علاقوں میں علاج کی سہولت نہ ہونا ہے، اب ان مریضوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور عوام کو مزید خدمات دستیاب ہیں۔
دوسری جانب افغان-جاپان کمیونیکیبل ڈیزیز اسپتال میں ایڈز کے علاج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایک ہزار 555 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 116 نئے کیسز رواں برس کے شروع میں رپورٹ ہوئے تھے۔
اسپتال کے عملے کے رکن محمد خان ہدایت نے ڈاکٹروں اور طبی مراکز سے مطالبہ کیا کہ ایڈز سے متاثرہونے والے دیگر مریضوں کے علاج کے لیے مدد فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ہزار 555 مریض رجسٹر ہیں گزشتہ 8 سے 9 ماہ کے دوران 116 نئے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں، ہمارے مریضوں کو سرجریز کے لیے کئی مسائل کا سامنا ہے۔
محمد خان ہدایت نے کہا کہ ہم حکومت اور دیگر اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مذکورہ علاقوں میں ہمارے اور ہمارے مریضوں کے ساتھ تعاون کریں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے رواں برس ورلڈ ایڈز ڈے کو ‘ٹیک دا رائٹ پاتھ: مائی ہیلتھ، مائی رائٹ’ کے تحت منایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے 2023 میں دنیا بھر میں 39.9 ملین ایڈز کے مریض رپورٹ کیے تھے، تقریباً 6 لاکھ 30 افراد اس مرض کی وجہ سے انتقال کرگئے اور تقریباً 1.3 ملین افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہوگئے ہیں۔