سندھ ہائیکورٹ کا غیر ملکی فنڈز سے  جاری منصوبوں کی نگرانی کیلیے کمیٹی بنانے کا حکم

کمیٹی محکمہ اسکول ایجوکیشن کے منصوبوں کا جائزہ لے گی


ویب ڈیسک December 02, 2024
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سندھ ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈز سے جاری منصوبوں کی نگرانی کے لیے کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

حکومت سندھ نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے غیرملکی فنڈز سے جاری منصوبوں کے لیے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم  کردی۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بڑے منصوبوں کے لیے ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ ان افسران میں عاشق حسین کھوسو، رضوان سومرو   اور گلزار ابڑو شامل ہیں ۔

حکومت سندھ نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، جس پر سندھ ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈز سے جاری منصوبوں کی نگرانی کے لیے کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

حکومت سندھ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی  ہے، جس میں چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات ، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے ایک نمائندے اور متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو بھی شامل  کیا گیا ہے۔

کمیٹی محکمہ اسکول ایجوکیشن کے غیرملکی امداد سے جاری منصوبوں کا مجموعی طور پر جائزہ لے گی  اور اسٹیئرنگ کمیٹیوں کو ہدایات دے گی کہ وہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکمت عملی تیار کریں ۔ کمیٹی پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹیوں کی فنڈز استعمال کرنے کی رپورٹ پر بھی نظر ثانی کرے گی ۔

اسٹیئرنگ کمیٹیاں فنڈز دینے والے غیر ملکی اداروں کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں  گی۔ ساتھ ہی مقررہ  مدت تک منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکمت عملی بھی ترتیب دیں گی۔ کمیٹی منصوبوں پر جاری کام کے سلسلے میں اسٹیئرنگ کمیٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں