غزہ میں اسرائیل نے ظلم اور جبر کی نئی تاریخ رقم کردی اور ایسے ممنوع ہتھیار استعمال کر رہا ہے جس کی ہولناکی سن کر انسانیت دنگ رہ جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے محکمۂ صحت کے سربراہ ڈاکٹر منیر البرش نے کمزور اور لاچار فلسطینیوں پر استعمال ہونے والے اسرائیلی اسلحے سے متعلق ہولناک انکشافات کیے ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج ایسے ہتھیار استعمال کر رہی ہے جن سے مرنے والوں کی لاشیں بخارات بن جاتی ہیں۔
غزہ کے ڈائریکٹر ہیلتھ نے مزید کہا کہ اسرائیل نہتے فسطینی پناہ گزینوں پر خطرناک کیمیکل اور مواد والے بم برسا رہا ہے جس کے ہولناک اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ہیلتھ نے عالمی قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے اور اسرائیل کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں 44 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ1 لاکھ 5 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔