اسلام آباد:
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈی چوک کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مخالفین تفرقہ ڈال رہے ہیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ہمارا صرف ایک سوال ہے کہ گولی کیوں چلائی؟
اڈیالہ جیل راول پنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں انہوں نے کہا کہ فائنل کال کے بعد آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی، عمران خان نے باہر نکلنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، بانی کا پیغام ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ جائیں، پارلیمنٹ میں یہ معاملہ اٹھائیں اور احتجاج کریں، آگے کے لائحہ عمل کااعلان بانی پی ٹی آئی بعد میں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف ڈی چوک میں سیکڑوں کارکنوں کی شہادت کے دعوے سے دستبردار
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے خان کو رینجرز، پولیس اور پی ٹی آئی کے شہداء کا بتایا، جس پر انھوں نے سب کی شہادت پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، دھرنا اور مظاہرہ اسلام آباد میں یا جہاں بھی ہو اس پر گولی نہیں چلانی چاہیے تھی، انھوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی، زخمیوں کی تیمار داری کا حکم دیا، بانی نے تمام کارکنوں اور لیڈرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو پیغام دیا ہے اتحاد برقرار رکھو، مخالفین تفرقہ ڈال رہے ہیں، پارٹی کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ گولی کیوں چلائی گئی، جہاں بھی تھے گولی نہیں چلنی چاہیے تھی، گولی جس طرف سے بھی چلی جس نے بھی چلائی جیسے بھی چلی، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی خراج تحسین پیش کیا، پنجاب کےایم این اے ،ایم پی اے مشکل دور سے گزرے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق غلط خبر چل رہی تھی، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں بالکل ٹھیک ہیں۔