کراچی:
کراچی میں شہری انتظامیہ نے غیر معیاری صابن بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا، کورنگی میں چار فیکٹریوں کو سر بمہر اور 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتا یا گیا ہے کہ کور نگی ضلع میں غیر معیاری صابن بنانے والی چار فیکٹریوں سے گرفتار افراد کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یہ فیکٹریاں جانوروں کی چربی اور باقیات کا استعمال کرکے غیر معیاری صابن تیار کرتی پائی گئیں۔ صابن بنانے کے لیے جانوروں کی باقیات، جلد، چربی اور انتڑیوں کو شامل پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ان میں بدبو پائی گئی اور یہ ماحولیاتی کے لیے خطرناک اور آلودگی کا سبب بھی ہیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرزغیر معیاری صابن بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کریں۔